لانگ مارچ کا آج سے آغاز :عوامی طاقت سے حکومت پر جمہوری حملہ کرنے اسلام آباد آرہے ہیں:بلاول

Feb 27, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم جلد سے جلد استعفیٰ دیں ہمارے احتجاج اورعدم اعتماد کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 مارچ کو ساہیوال، پتوکی سے لاہور، 6 مارچ کو گوجرانوالا پہنچیں گے، مارچ کا آخری مرحلہ 8 مارچ سے ہو گا۔ ہمارا مطالبہ ہے تمام اداروں کو نیوٹرل رہنا چاہیے، ہمیں امید ہے۔ ہم امید کرتے ہیں تمام ادارے آئین کے مطابق نیوٹرل رہیں گے تو وزیراعظم گھر چلا جائے گا۔ نااہل وزیراعظم سے نجات تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ عدم اعتماد تحریک کے معاملے پر تمام جماعتوں کو ایک پیج پر آنا پڑے گا، ہم جلد شفاف الیکشن چاہتے ہیں، انٹرم گورنمنٹ الیکشن اصلاحات کرے، ملک کونئے مینڈیٹ کی ضرورت ہے، تمام فیصلے اپوزیشن جماعتوں کومل کرکرنا ہوں گے، اب تک اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ہمارا تعاون بہت اچھا ہے، اپوزیشن کی جدوجہد سے عوام کو امیدیں وابستہ ہیں، ابھی تک ہمیں کوئی فون کالزنہیں آئی۔ عام آدمی کی زندگی عذاب بن چکی ہے، مہنگائی، غربت میں تاریخی اضافہ ہو چکا ہے، ہم اپنے عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کریں گے، سندھ، بلوچستان،خیبر پی کے کوان کا حق دیا جائے، صوبوں کواین ایف سی ایوارڈ سے محروم رکھا جارہا ہے۔ کٹھ پتلی کوملک پرمسلط کیا گیا ہے، پہلے دن سے پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ کے خلاف مہم چلارہے ہیں، پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ پاکستان کے مفاد کیخلاف ہے۔ خان صاحب کا ہروعدہ جھوٹا نکلا، عمران خان نے ہربات پریوٹرن لیا۔ وزیراعظم نے ہرشعبے میں تبدیلی کے نام پرتباہی پھیلا دی۔ عوام کا سلیکٹڈ سے اعتماد اٹھا چکا اب پارلیمان سے اٹھنا چاہیے۔ کٹھ پتلی راج نے جمہوریت کا جنازہ نکال دیا۔ غیرجمہوری حکومت پرجمہوری ہتھیار استعمال کریں گے۔ حکومت کی نالائقی کا بوجھ عام آدمی اٹھا رہے ہیں‘ پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے‘ کراچی سے اسلام آباد تک مہنگائی اور سلیکٹڈ حکومت کے خلاف احتجاجی مہم چلانی ہے۔ حکمرانوں نے کہا تھا کہ 50 لوگ احتجاج کریں گے تو استعفیٰ دے گا‘ اب ہم لاکھوں لوگوں کے اسلام آباد پہنچ رہے ہیں اسے استعفیٰ دے دینا چاہئے۔ سلیکٹڈ حکومت احتجاج روکنے کیلئے تمام ہتھکنڈے استعمال کرے گی۔ لانگ مارچ کا روٹ تبدیل نہیں کریں گے اور کارٹون سیاستدانوں سے ڈرتے نہیں۔ یاد رہے کہ پی پی آج کراچی سے اسلام آباد کیلئے لانگ مارچ شروع کرے گی۔لانگ مارچ کیلئے جیالے پرجوش دکھائی دیئے‘ کراچی میں مختلف مقامات پر جھنڈے اور بڑے پینا فلیکس آویزاں کئے گئے۔ کراچی سے آئی این پی کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اسلام آباد آ رہے ہیں۔ ہم حکومت پر جمہوری حملہ کریں گے۔ عوام کی طاقت ہمارے ساتھ ہے۔ اس لئے ہمیں کسی حمایت کی ضرورت نہیں۔

مزیدخبریں