سی ٹی ڈی آپریشنز، 5 دہشت گرد  گرفتار، دھماکہ خیز مواد، ڈیٹونیٹر برآمد

لاہور، سکھر (آئی این پی) سی ٹی ڈی کے مختلف آپریشنز میں 5 دہشت گرد گرفتار، جبکہ ان کے قبضہ سے دھماکہ خیز مواد اور ڈیٹو نیٹر برآمد کر لئے گئے۔ صوبہ پنجاب میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے صوبہ بھر میں 37 مقامات پر آپریشنز  کے دوران 4دہشت گرد گرفتار کر لیے۔ ملزمان سے دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ نجی ٹی وی کے مطابق چھاپوں کے دوران 39 افراد سے پوچھ گچھ بھی کی گئی۔ ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی شناخت یوسف، اشرف، سعید اور حبیب کے نام سے ہوئی ہے۔ گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ ترجمان کے مطابق ملزمان سے ڈھائی کلو دھماکہ خیز مواد اور ڈیٹونیٹر برآمد ہوئے۔ ملزم سعید کالعدم تنظیم کے لیے چندہ اکٹھا کرتا تھا۔ اس کے پاس سے بھاری رقم برآمد ہوئی ہے۔ کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے سکھر میں کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد کی شناخت سجاد عزیز ملاح کے نام سے ہوئی ہے۔ دہشت گرد سے بارودی مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

ای پیپر دی نیشن