اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان میں پانچویں لہر کے دوران کرونا وائرس کے کیسز میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران کیسز کی شرح 2 اعشاریہ 25 فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ مزید 14کرونا مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 1ہزار 207کیسز سامنے آئے ہیں، جبکہ مزید 25ہزار 313مریض اس سے شفایاب ہو گئے۔ پاکستان بھر میں اب تک 30 ہزار153 کرونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں۔ سندھ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ جبکہ پنجاب میں کرونا وائرس کے اب تک 5 لاکھ 789 مریض پورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کرونا وائرس کے کسی نئے طاقتور ویرینٹ یا بڑی لہر کے سامنے آنے کے امکانات بھی کافی حد تک معدوم ہو چکے ہیں۔ دنیا سے کرونا وائرس ختم نہیں ہوا، اس کی چھوٹی چھوٹی ویولیٹس لہریں سامنے آتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جنہیں اب تک ویکسین یا کرونا وائرس کی بیماری نہیں لگی وہ اس کا شکار ہو سکتے ہیں۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے خلاف ابھی تک ہرڈ امیونٹی یا پاپولیشن لیول قوت مدافعت حاصل نہیں ہوئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے حوالے سے بیشتر پابندیاں ہٹا لی گئی ہیں لیکن احتیاطی تدابیر جاری رکھنا ہوگی۔
کرونا کی شدت کم 14 اموات ، شرح 2.25 تک گر گئی ، لہر کے امکانات معدوم ، ڈاکٹر فیصل
Feb 27, 2022