iوزیراعظم مہنگائی میں کمی کیلئے جلد بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کریں گے: اسد قیصر

Feb 27, 2022

اسلام آباد (نامہ نگار) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ اقتدار ملتے ہی سب سے پہلے غازی بروتھا متاثرین کیلئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی۔ جس نے کل اپنی فیزیبلٹی رپورٹ پیش کی۔ متاثرہ علاقوں کو اگلے پندرہ روز میں پانی کی سپلائی کو28  کیوبک سے بڑھا کر46 کیوبک کیا جائے گا۔ جس سے ایک بار پھر دریا کنارے لوگوں کا روزگار بحال ہوگا اور زیر زمین پانی کا لیول بحال ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل بٹاکرہ کے گائوں پونٹیاں میں مسلم لیگ ن اور عوامی نیشنل پارٹی کے عوامی نمائندوں کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد وزیراعظم عمران خان بہت بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کریں گے۔ جس سے مہنگائی میں خاطر خواہ کمی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے ملکی معیشت کو تباہ کیا کوئی ایک ایسا ادارہ نہیں چھوڑا جو منافع میں ہو۔
اسد قیصر

مزیدخبریں