لاہور(خصوصی نامہ نگار )تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا کہ معراج النبی عظمت مصطفی ؐ کے کئی درخشاں معجزات کا مجموعہ ہے۔ یہ معجزہ اس بات کا اعلان ہے کہ پیکر مصطفی اپنی قوتوں، صلاحیتوں، حواس اور صفات میں تمام مخلوقات سے بلند و بالا ہے۔ قیامت تک کی سائنس اور ٹیکنالوجی معجزہ معراج کے نئے نئے پہلوئوں کے انکشافات کے سامنے دم بخود رہے گی۔ معراج النبی کا سبق یہی ہے کہ عروج مصطفی کا پرچم عرش کی چوٹی پر ہمیشہ لہراتا رہے گا۔ذات مصطفوِی کا دیدارِ خداوندی سے مشرف ہونا تاریخ عالم کا منفرد واقعہ ہے۔سرور کائنات کی ہستی کے عروج اور آپ کی تعلیمات میں انسانیت کا عروج مضمر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے مرکز صراط مستقیم تاج باغ میں ’’معراج النبی ؐ کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں مولانا محمد معین الدین، میاں محمد الیاس جلالی، محمد شعیب جلالی، مولانا محمد عمیر جلالی، مفتی محمد حناد رضا حبیبی و دیگر نے شرکت کی۔