لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان میں تیزرفتاری سے ترقی کرنے والے صنعتی گروپوں میں شامل فاطمہ گروپ نے زرعی شعبے کی دو اہم عالمی کمپنیاں چین کی چائنا مشینری انجینئرنگ کمپنی (سی ایم ای سی) اور سعودی عرب کی سرہ عطقنیہ کمپنی (ایس اے سی) کے ساتھ ایک ارب ڈالر سے زائد مالیت مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کردیئے ہیں۔اس کاروباری شراکت داری پر باضابطہ دستخط ایکسپو 2020دبئی کے پاکستان پویلین میں ہوئے جہاں ایگریکلچر ویک کے سلسلے میں سرگرمیاں جاری ہے۔ فاطمہ گروپ ملک میں خوراک کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ دنیا میں بھی فوڈ سیکورٹی متوازن رکھنے کے لئے ملک کے اندر زرعی نظام میں بڑی تبدیلی لانے کے لئے قائدانہ کردار ادا کررہا ہے۔ گروپ پاکستان میں فرٹیلائزرز، انرجی، ٹیکسٹائلز، شوگر، سیمنٹ اور وینچر کیپٹل انویسٹمنٹس جیسی صنعتوں میں ایک ارب ڈالر سے زائد کا ریونیو حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سب سے زیادہ تیزی سے ترقی کرنے والے صنعتی گروپوں میں شامل ہے۔فاطمہ گروپ کے چیئرمین اور فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ کے سی ای او، میاں فواد احمد مختار نے کہا پاکستان کے صف اول کے صنعتی گروپ کے چیئرمین کے طور پر یہ ہمارا وژن ہے پاکستان میں کاشتکاری کے جدید اور موزوں ترین طریقے متعارف کرائے جائیں۔ پاکستان میں بے پناہ مواقع موجود ہیں اور مجھے مستحکم یقین ہے کہ بہترین شراکت داروں کیساتھ ہم نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی فوڈ سیکورٹی کیلئے قابل ذکر فرق پیدا کرسکیں گے۔
فاطمہ گروپ کے عالمی کمپنیوں سے 1ارب ڈالر کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
Feb 27, 2022