لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سْپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے فائنل میں پہنچنے والی ٹیم لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ ٹیم میں انرجی لانے کیلئے کپتان شاہین آفریدی کا بہت ہاتھ ہے، میں نہ بھی ہوں مجھے اعتماد ہوتا کہ شاہین آفریدی ٹیم کیساتھ ہے۔ پہلے سے بہتر محسوس کر رہاہوں، مجھے صرف زکام ہی ہوا تھا، مجھے کرونا وائرس کی شدید علامات نہیں، ضروری آئسولیشن مکمل کر رہا ہوں۔ خوشی ہے کہ ٹیم فائنل میں پہنچی ہے، فائنل کیلئے نیک خواہشات ہیں۔ٹیم میں ہر کھلاڑی کو اپنے رول کا علم ہے، وہ اس کے مطابق کھیلتا ہے، حارث رؤف کی ٹیم میں اپنی اہمیت ہے اور شاہین آفریدی کی الگ۔ مجھے یقین ہے کہ فائنل میں ٹیم آخری گیند تک لڑیگی یہ ایک اچھا فائنل ہوگا۔لاہور قلندرز کے چیف آپریٹنگ آفیسرثمین رانا نے کہا کہ لاہور قلندرز کے کھلاڑی فائنل کی آخری گیند تک لڑیں گے۔ ٹیم فائنل میں بھی فینز کو مایوس نہیں کرے گی۔ کھلاڑیوں پر فخر ہے کہ انہوں نے لاہور کو ہی نہیں پورے پاکستان کو خوشیاں دیں، ہارجیت کھیل کا حصہ ہے، لاہور قلندرز لاہوریوں کو خوشیاں دیگی۔ ہم نے اپنے ویژن پر یقین رکھا اور اس میں کامیاب ہو رہے ہیں۔، نوجوان کرکٹرز پر توجہ دی وہی ہمارے یقین کو کامیاب کر رہے ہیں۔ شاہین آفریدی اور حارث رؤف کی انرجی اور صلاحیتیوں نے ٹیم کو اٹھا کر رکھا ہے جبکہ ہر کھلاڑی نے ذمہ داری لی اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا۔ ہیڈ کوچ عاقب جاوید آئسولیشن میں ہیں، عاقب جاوید پلے آف کے دونوں میچز میں نہیں تھے فائنل میں بھی مشکل دستیاب ہوں۔ عاقب جاوید کی کمی محسوس ہوئی لیکن کھلاڑیوں کے ٹیم ورک نے مایوس نہیں کیا، عاقب جاوید پہلے سے بہتر ہیں جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔