اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے روس یوکرین تنازعے کے پیشِ نظر دورۂ روس کے اختتام کے بعد معاشی ٹیم کا اہم اجلاس آج طلب کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان بنی گالہ میں معاشی ٹیم کے اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں معاشی ٹیم ملک کی معاشی و اقتصادی صورتحال پر بریفنگ دے گی۔ اجلاس کا مقصد قوم سے خطاب میں معاشی اعدادوشمار پر روشنی ڈالنا ہے۔خطاب سے قبل وزیر اعظم عمران خان معاشی ٹیم کے ہمراہ صورتحال کا تجزیہ کریں گے جبکہ عوام سے تقریر پر مشاورت اور خطاب کا لائحۂ عمل بھی طے کیا جائے گا۔ اہم اجلاس کے پیشِ نظر معاشی ٹیم کو اسلام آباد میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے یوکرین روس جنگ کے تناظر اور ممکنہ اثرات و مضمرات سے قوم کو آگہی دینے کا فیصلہ کر لیا۔ عالمی سطح پر روس یوکرین تنازعے کے باعث تیل، اشیائے ضروریہ اور اجناس کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔دونوں ممالک کی جنگ دنیا بھر میں معاشی بحران جنم دینے کا سبب بن سکتی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان قوم کو جنگ کے ممکنہ اثرات و مضمرات پر روشنی ڈالیں گے۔ رواں ہفتے ہی وزیر اعظم عمران خان نے روس کا دورہ کیا تھا۔
وزیر اعظم عمران خان نے معاشی ٹیم کا اجلاس آج طلب کر لیا
Feb 27, 2022 | 12:32