سرینگر(اے پی پی)بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر اوربھارت میں مسلمانوں کا عرصہ حیات تنگ کیاگیا ہے اورآر ایس ایس کا نظریہ بھارت اور مقبوضہ علاقے کے مسلمانوں کے لیے مسلسل ایک خطرہ ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے سرینگر میں اپنے انٹرویوز اور بیانات میں کہا کہ مودی کے بھارت میں ہندوتوا کارکنوں کی طرف سے مسلمانوں کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیاکہ حال ہی میں ریاست بہار کے شہر پٹنہ میں ایک مسلمان نوجوان کو پیٹ پیٹ کر قتل اور دو دیگر کو شدید زخمی کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی کی قیادت میں بھارت میں مسلم دشمن جذبات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے بھارتیہ جنتا پارٹی نے بھارت میں اقتدار سنبھالا ہے، مسلمانوں پر ظلم و ستم میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے کہا کہ آر ایس ایس کی حمایت یافتہ بی جے پی حکومت بھارت میں ہندو بالادستی کو فروغ دے رہی ہے اور مسلمانوں کے ساتھ زندگی کے تمام شعبوں میں امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت بھارت اور مقبوضہ علاقے میں مسلمانوں کی بنیادی آزادیوں کو پامال کر رہی ہے ،یہاں تک کہ بھارت اورمقبوضہ جموں وکشمیرمیں مسلمانوں کے مذہبی مقامات پر حملے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ مودی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں وقف بورڈ پر قبضہ کر لیا ہے تاکہ اس کی زمین اور اثاثوں کو اپنے شیطانی ایجنڈے کو نافذ کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکے۔
کشمیر