لاہور (آئی این پی ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ لاہور اور راولپنڈی میں گرفتار کارکنوں نے ضمانتیں کرانے سے انکار کردیا ہے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ راجا پرویز اشرف عدالتوں کے فیصلوں کی مسلسل توہین کر رہے ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی کو معلوم ہونا چاہئے وہ آئین کے تابع ہیں یہ اسمبلی آئین کے تحت چلنی ہے آصف زرداری مافیا کے تابع نہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی کو مخاطب کرکے سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ آپ کا یہ آخری الیکشن تھا اگلے الیکشن میں ضمانت ضبط ہو جائے گی۔ اپنی ایک اور ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما اور کارکن گوجرانوالہ میں گرفتاریاں پیش کریں گے۔ رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پشاور اور ملتان میں پولیس نے تحریک انصاف کے کارکنان کو گرفتار کرنے سے انکار کر دیا، لاہور اور راولپنڈی کے 200 سے زیادہ کارکنان اس وقت مختلف جیلوں میں ہیں، ان لوگوں نے ضمانت کی درخواستوں سے انکار کیا ہے۔ این اے 193 میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے فواد چوہدری نے کہا کہ جام پور ضمنی انتخابات میں پولیس اور جتھوں کا استعمال کر کے تحریک انصاف کے حمایتی بااثر لوگوں کی فصلوں پرٹریکٹر چلا دئیے گئے، درجنوں لوگ جعلی مقدمات میں اندر ہیں پورے پنجاب کی پولیس جام پور میں لگا دی گی، بربریت عروج پر ہے لیکن پھر بھی الیکشن پی ٹی آئی ہی جیتے گی۔
لاہور اور راولپنڈی میں گرفتار کارکنوں کا ضمانتیں کرانے سے انکار
Feb 27, 2023