اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) بالاکوٹ پر بھارتی فضائیہ کے بزدلانہ حملہ اور پاک فضائیہ کی بھرپور جوابی کارروائی کوگزشتہ روزچار سال مکمل ہو گئے۔ 26 فروری 2019ء کو بھارتی فضائیہ نے پاکستان کے اندر حملہ کرنے کی کوشش کی تاہم اس کے بدلہ میں بھارت کو اپنی فضائیہ کے دو لڑاکا طیاروں کا ملبہ پیچھے چھوڑنا پڑا۔ اس کارروائی میں پاکستان ایئر فورس کے ہاتھوں ذلت نے بھارتی فضائیہ کی بالادستی کے جھوٹے بھرم اور وزیراعظم مودی اور آر ایس سی کے جنگی جنون کو پوری دنیا میں بے نقاب کر دیا۔ 14 فروری 2019ء کو پلوامہ میں فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت نے پاکستان کے اندر فضائی حملہ کیا جس کا پاک فضائیہ نے بھرپور جواب دیا۔ پاک فضائیہ نے دو بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرا کر اپنی بہترین عسکری اور تکنیکی مہارت و بالادستی کا ثبوت دیا۔ دفاعی ماہرین کے مطابق حملہ کی منصوبہ بندی اور ہدف کو نشانہ بنانے کیلئے مصنوعی مشقوں کے باوجود بھارتی فضائیہ اہداف پر نشانہ بنانے میں ناکام رہی۔ دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق پلوامہ حملہ مکمل طور پر رچایا گیا ڈرامہ تھا۔ حقیقیت یہ ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اس وقت انتخابی فوائد حاصل کرنا چاہتے تھے کیونکہ اپریل/ مئی 2019ء میں بھارت میں عام انتخابات ہونے جا رہے تھے، تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایک ہائپر نیشنلسٹ اور انتہاپسند مذہبی جنونیت کے فلسفہ پرعمل پیرا سیاسی جماعت (بی جے پی) نے بھارت میں فاشزم اور زینوفوبیا کو فروغ دیا ہے۔ بھارتی لڑاکا طیارہ ایس یو 30 کا ملبہ مقبوضہ کشمیر میں گرا اور اس کا پائلٹ ہلاک ہوا جبکہ مگ 21 لڑاکاطیارے کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن ورتھامن ، جس کا طیارہ پاکستان میں گر گیا ، کو زندہ گرفتارکر لیا گیا۔ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ پاکستان ایئر فورس کی کامیابیوں کا مظہر ہے۔ اب ہر سال اس دن کو ’’سرپرائز ڈے‘‘ کے طور پر منایا جاتا ہے۔