جیل بھروتحریک:گوجرانوالہ میں نذر گوندل سمیت 70کارکنوں نے گرفتاری دیدی


گوجرانوالہ‘ وزیرآباد ( نوائے وقت رپورٹ‘ نامہ نگار) گوجرانوالہ میں سابق وفاقی وزیر نذر محمد گوندل، ایم پی اے ظفر اللہ چیمہ کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف کے متعدد کارکنوں نے گرفتاری دے دی۔عمران خان کی کال پر شروع ہونے والی جیل بھرو تحریک میں سابق وفاقی وزیر نذر محمد گوندل، سابق ایم پی اے ظفر اللہ چیمہ نے رضاکارانہ طور پر گرفتاری دی، اس کے علاوہ تحریک انصاف کے کارکنوں نے قیدیوں والی وین کو گھیر لیا اور وین پر چڑھ گئے، وین میں بیٹھنے والے کارکنوں کو پولیس لے کر چلی گئی۔گرفتاریوں کے بعد تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد گوجرانوالہ کی سنٹرل جیل کے باہر پہنچ گئیں، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 125 کے قریب کارکنوں نے گرفتاری دی ہے۔پی ٹی آئی کی جانب سے رضا کارانہ طور پر گرفتاریاں دی جا رہی ہیں۔پولیس نے قیدی وین میں بیٹھے کارکنوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔واضح رہے تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک پانچویں مرحلے میں داخل ہو گئی جس کے تحت گوجرانوالہ سے گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں۔ وزیرآباد سے نامہ نگار کے مطابق قبل ازیں جیل بھرو تحریک کے سلسلہ میں وزیرآباد سے سنٹرل پنجاب کے سینئر نائب صدر محمد احمد چٹھہ اور ضلعی صدر چودھری محمد افضل چیمہ کی قیادت میں کارکنان گوجرانوالہ روانہ ہو  گئے۔ اس موقع پر چودھری وقاص افضل چٹھہ‘ چودھری شہباز احمد چیمہ‘ چودھری آصف چیمہ‘ محمد خالد مغل‘ سمیع اللہ بٹ‘ سردار احتشام الحق چیمہ سمیت دیگر مقامی قائدین و کارکنان موجود تھے۔نجی ٹی وی کے مطابق تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کے 5 ویں دن گوجرانوالہ میں 70 سے زائد کارکنوں نے گرفتاری دے دی۔ گوجرانوالہ میں سنٹرل جیل کے سامنے پولیس نے لائوڈ سپیکر پر گرفتاریاں دینے کا اعلان کیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ اگر کوئی پی ٹی آئی رہنما یا کارکن گرفتاری دینا چاہتا ہے آئے اور گاڑی میں بیٹھے۔ ہم عزت کے ساتھ ان کو لیکر جائیں گے۔ اس کے علاوہ گرفتاریاں دینے کیلئے گجرات اور وزیرآباد سے بھی تحریک انصاف کارکنوں کی ریلی گوجرانوالہ پہنچی۔ پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد نے دعویٰ کیا کہ پولیس کی 6 گاڑیاں بھر کر جا چکی ہیں۔ اب پولیس کی گاڑیاں ختم ہو  گئی ہیں۔ اس لئے وہ اور باقی لوگ واپس جا رہے ہیں جبکہ گرفتاری دینے کیلئے آئے متعدد کارکنوں نے وین میں چڑھ  کر فوٹوسیشن کیا اور اتر گئے۔دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف کے کارکن آج گوجرانوالہ میں جیل بھرو تحریک میں جیل کے سامنے پہنچے تو ایک رہنما افضل چیمہ نماز پڑھنے کا کہہ کر روانہ ہو گئے۔ پولیس پنڈی، پشاور اور ملتان میں پی ٹی آئی کارکنوں کو ڈھونڈتی رہی۔  پک اینڈ ڈراپ سروس بھی رکھی گئی لیکن کسی کو گرمی لگ گئی تو کسی نے قیدیوں کی وین میں بیٹھنے سے انکار کر دیا۔ گوجرانوالا میں جیل بھرو تحریک میں پی ٹی آئی کارکن جیل کے سامنے پہنچے تو ایک رہنما افضل چیمہ نماز پڑھنے کا کہہ کر روانہ ہو گئے اور گرفتاری دینے سے کترا گئے۔ نجی ٹی وی نے ان سے سوال کیا کہ آپ نے گرفتاری نہیں دی؟۔ اس پر افضل چیمہ نے جواب دیا کہ میں نماز پڑھنے آیا ہوں، جیسے حالات ہیں گرفتاری معمولی چیز ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...