بحرانوں کا سبب آزمائے حکمرانوں کا ملک و قوم پر مسلط ہونا ہے: زبیر احمد ظہیر


 لاہور (نوائے وقت رپورٹ)اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ عوام کے تمام مسائل کا حل نفاذِ اسلام ہے اور قیام پاکستان کا اصل مقصد بھی یہی تھا۔ آج ملک و قوم کی تمام مشکلات اور بحرانوں کا سبب بننے والے بار بار آزمائے ہوئے حکمران ہی ملک و قوم پر ذبردستی مسلط ہیں۔ ان سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لئے عوام کو پوری جرت اور دلیری سے میدانِ عمل میں آنا پڑے گا۔ وہ گزشتہ روز جامعہ عمر بن عبدالعزیز میں اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ ہماری اصل منزل نفاذ اسلام ہے اور اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے تمام قائدین اور کارکن اس عظیم مقصد کے لئے ہر  طرح کی قربانی دینے کے لئے تیار ہیں اورہم اپنے پلیٹ فارم سے ملک بھر میں عام انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے۔مرکزی مجلسِ عاملہ کے اجلاس میں تحریکِ انصاف اور اس کے گرفتار رہنمائوں پر ظلم وتشدد اور جھوٹے مقدمات قائم کرنے کی بھرپور مذمت کی گئی ہے۔
زبیر احمد ظہیر

ای پیپر دی نیشن