کوئٹہ +اسلام آباد(بیورو رپورٹ +خبر نگار خصوصی +نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان کے ضلع بارکھان کے رکھنی بازار میں بم دھماکے میں پانچ افراد جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہوگئے۔ ڈپٹی کمشنر عبداللہ کھوسہ کے مطابق دھماکے میں زخمیوں کی تعداد 12 ہو گئی جن میں دو بچیاں بھی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق دھماکےکی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔ ریسکیو کے مطابق ایک شخص کی حالت تشویشناک ہے جبکہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔رکھنی ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ پولیس کے مطابق دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے جبکہ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔سکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور شواہد جمع کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔پولیس کے مطابق دھماکے میں متعددگاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور دکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔دوسری جانب بلوچستان کے ضلع بارکھان کی تحصیل رکھنی بازار میں دھماکے کے خلاف شٹر ڈاﺅن ہڑتال کی گئی ہے۔رکھنی بازار میں دھماکے کے خلاف تاجر برادری اور سول سوسائٹی کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا ہے۔دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے رکھنی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ بے گناہ اور معصوم افراد کا خون بہانے والے انسانیت کے دشمن ہیں، دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد کے لیے بد امنی پیدا کر رہے ہیں، ملک دشمن عناصر کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے محکمہ داخلہ اور پولیس کو حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر سکیورٹی پلان کا جائزہ لینے کی ہدایت کی اور کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور امن کا قیام ہر صورت یقینی بنایا اور دھماکے کے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنائ اللہ خان نے بھی رکھنی میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا اور شہدائ کے لواحقین سے تعزیت کی۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گرد بلوچستان میں امن اور ترقی کے دشمن ہیں، دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے، اللہ تعالیٰ دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والوں کے درجات بلند کرے اور انکے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔ صوبائی وزیر داخلہ ضیائ اللہ لانگو نے رکھنی دھماکے کی مذمّت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی اور انسانی جانوں کے نقصان پر رنج و غم کا اظہار کیا۔ضیاءاللہ لانگو کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں عوام، فورسز اور پولیس کی قربانیوں کے بعد امن بحال ہوا، کسی کو بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہبازشریف سمیت وزیرخارجہ‘ گورنر سندھ اور دیگر نے بھی دھماکے کی مذمت کی ہے۔
بلوچستان دھماکہ