اولیاء اللہ مخلوق خدا کا تعلق دربار رسالتؐ سے مضبوط کرتے ہیں،پیر  حسان حسیب 

Feb 27, 2023


راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے ) عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم ؐ کی اعلیٰ ترین نسبت کی بدولت ہمیں خیر الامم ہونے کا شرف حاصل ہوا۔ یہ حضور نبی رحمت ؐکی تشریف آوری کی برکت اور فیضان ہے کہ آج اس قدر گناہوں میں ڈوبے ہونے کے با وجود آسمان سے آگ و پتھر نہیں برستے ہیں، چہرے مسخ نہیں ہوتے ہیں اور زمین کو الٹا پلٹا نہیں جاتا ہے ۔ حضور نبی کریم کے غلا م جنہیں ہم اولیاء اللہ کے نام سے یاد کرتے ہیں انہوں نے ہر دور اور ہر زمانے میں مخلوقِ خدا کا تعلق، رشتہ اور نسبت دربارِ رسالت مآبؐ سے مضبوط سے مضبوط ترکیا۔ برِ صغیر پاک و ہند میں دین ِمتین اسلام کی ترویج و اشاعت اور شریعتِ مطہرہ کی نورانی تعلیمات کو لوگوں کے دل و دماغ پر نقش کرنے کا سہر ا انہی بزرگانِ دین کے سر ہے۔ آج دینِ بر حق اسلام جو ہم تک اصل و محفوظ حالت میں پہنچا ہے تو ان ہی عظیم ہستیوں کے طفیل پہنچا ہے اور انہی کی بدولت لاکھوں مخلوقِ خدا کا تعلق خا لقِ حقیقی اور حضور نبی کریم ؐ کی ذاتِ با برکات کے ساتھ قائم ہوا اور یہی وجہ ہے کہ آج بھی مخلوقِ خدا ان درباروں اور خانقاہوں میں حاضرہو کر دلی اطمینان اور سکونِ قلب کی دولت سے مالا مال ہوتی ہے۔ آج بھی امتِ مسلمہ در پیش تمام مسائل، خطرات اور چیلنجز سے اگر سر خرو اور کامیاب ہو سکتی ہے تو اس کا واحد راستہ اور ذریعہ یہ ہے کہ ہم اپنے آقا و مولاؐ کے دامانِ رحمت کو مضبوطی سے تھام لیں، شریعتِ مطہرہ کے تابع اپنی زندگیاں گزاریں تا کہ اس دنیا سے آخرت کی جانب ربِ رحمان کی رضا و خوشنودی پا کر لوٹیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز بھکر کے مقام پر منعقدہ محفلِ میلاد مصطفی  ؐ سے خطاب کے دوران کیا ،صدارت پیر محمد نقیب الرحمن کر رہے ہیں، اختتام درودوسلام کے بعد پیر محمد نقیب الرحمن کی وطنِ عزیز کی خوشحالی،سلامتی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سربلندی اور اتحاد بین المسلمین کے لیے خصوصی دعا پر ہوا۔
حسان حسیب الرحمن

مزیدخبریں