لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت جشن بہاراں کے انتظامات کاجائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں لاہور اور فیصل آباد میں جشن بہاراں کے انتظامات اور پروگرامز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔لاہور میں 5 سے 12مارچ اور فیصل آباد میں 4سے 12مارچ تک جشن بہاراں کی تقریبات کی تجویزدی گئی۔ جشن بہاراں میں کھیل، ثقافت، سیاحت، موسیقی، برڈ اور پیٹ شو، آتش بازی کی تقریبات شامل ہیں۔ لاہور اور فیصل آباد میں میراتھن ریس اور سائیکلنگ کے مقابلے بھی ہوں گے۔ میراتھن ریس میں بچے، خواتین، سپیشل پرسن اور اتھلیٹ حصہ لیں گے۔ راحت فتح علی خان، ساحر علی بگا اور دیگر معروف گلوکار میوزک شو پیش کریں گے۔ لاہور اور فیصل آباد میں محفل سماع بھی ہوگی۔ فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم اور یونیورسٹی آف ایگریکلچرل میں جشن بہاراں کی تقریبات منعقد ہوں گی۔ جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں پاکستان، تاجکستان، ازبکستان اور کرغزستان کے کھلاڑی سپورٹس ایونٹ میں حصہ لیں گے۔ پھولوں اور چنیوٹی فرنیچر کی نمائش بھی منعقد ہو گی۔ 8مارچ کو عالمی یوم خواتین کے حوالے سے خصوصی تقریبات ہوں گی، خواتین کا مشاعرہ بھی ہوگا۔ گھڑ ڈانس، اونٹ ڈانس، دودھ دینے والی گائے اور بھینسوں کے مقابلے ہوں گے۔ فیصل آباد میں ہیوی بائیک شو ہو گا۔ لاہور میں والڈ سٹی اتھارٹی کے زیر اہتمام لیزر لائٹ اینڈ ساو¿نڈ شو ہو گا۔ لاہور اور فیصل آباد میں کارنی ول میں دلکش ثقافتی فلیوٹ بنائے جائیں گے۔ لاہور اورفیصل آباد میں نہروں کو سجایا جائے گا اور لائٹنگ ہو گی۔ گورنمنٹ کالج لاہور کے خصوصی مشعل مارچ میں 7ہزار سے زائد طلبہ شریک ہوں گے۔ جشن بہاراں میں فوڈ میلے بھی لگائے جائیں گے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے ہدایت کی کہ جشن بہاراں کی تقریبات میں شہریوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنائی جائے۔ صوبائی وزیر بلال افضل، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹریز اطلاعات و ثقافت، ہائیر ایجوکیشن، لوکل گورنمنٹ، لائیوسٹاک، سپورٹس، کمشنر لاہور ڈویژن، کمشنر فیصل آباد، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی جی لوکل گورنمنٹ، ڈی جی پی آر اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ صوبائی وزیر ابراہیم مراد اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بارکھان کے علاقے رکھنی بازار میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہاکہ پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہیں۔
محسن نقوی