حکومتی سطح پر سادگی ، کفایت شعاری کو اپنانے کافیصلہ خوش اقدام:ظفراقبال

Feb 27, 2023


فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) فیصل آبا د چیمبر آف سمال ٹریڈرزاینڈ سمال انڈسٹری کے صد ر میاں ظفر اقبال نے وفاقی حکومت کی کفایت شعاری اقدامات کو سراہتے ہوئے کہاہے کہ حکومتی سطح پر سادگی اور کفایت شعاری کو اپنانے کافیصلہ خوش اقدام ہے۔ اس روایت کو ایک مستقل قومی رویہ بنانے کی ضرورت ہے۔ ملک کو موجودہ معاشی مشکلات سے نکالنے کیلئے درست فیصلہ ہے جس سے حکومت پر عوام کا اعتماد بڑھے گا۔ وزیراعظم کا یہ کہنابجاہے کہ 75سالوں میں اہل ثروت نے قربانی نہیں دی مگر اب ملک کی خاطر انہیں بھی قربانی دینا پڑے گی،وفاقی وزرائ، وزیر مملکت،معاونین و مشیروں نے تنخواہیں، مراعات نہ لینے کے فیصلے سے عوام کو یہ پیغام جائے گاکہ معاشی مشکلات کا بوجھ صرف ان پر ہی نہیں ڈالاجارہا ہر سطح پر اس بوجھ کو بانٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اتحادی حکومت ملک کو اس وقت مسائل کے بھنور سے نکال کر ترقی اور خوشحالی کی جانب لا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملکی بقا کے لیے معیشت کا مستحکم ہونا ضروری ہے۔ مضبوط معیشت کے بغیر مضبوط دفاعی شعبہ بھی ملک و ملت کی بقا کی ضمانت نہیں دے سکتا۔

مزیدخبریں