لاہور(خصوصی نامہ نگار) وفا ق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ قرآن کریم کی تعلیمات کے مطابق حضرت ابراہیم ؑسے سلسلہ امامت شروع ہوا۔ ہمیں انبیاء کرام ؑ کی طرح زندگی گذارنی چاہیے چونکہ وہ ہمارے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ہم جن دینی مسائل سے اگر اچھی طرح واقف ہیں تو اسے اپنے قریبی افراد یعنی بیوی بچوں، ملازمین اور دوست احباب تک پہنچانا لازم اور ضروری ہے۔ ہر وہ چیز کہ جو ہمارے روح اور جسم کیلئے مفید ہے رسول اللہؐنے اسے واجب یا مستحب قراردیاہے۔ اسی طرح ہر وہ چیز کہ جو ہماری روح یا ہمارے جسم کیلئے ضرر رساں تھی اسے حرام یا مکر وہ کہہ کر ہمارے گوش گزار کر دیا ہے۔ علی مسجد جامعۃ المنتظر میں خطاب کرتے ہوئے انکا مزید کہنا تھا کہ حضور سرورکائنات نے معاشرے کے اندر موجود غلط رسم و رواج کی زنجیروں کو توڑا تاکہ خالص اسلامی تعلیمات پر عمل کیا جائے۔ انسان کا رابطہ جب اللہ تعالیٰ کے ساتھ مضبوط اور قوی ہو جاتا ہے تو اس کے دل بھی مضبوط ہو جاتا ہے اور ان کا ہر کام اللہ تعالیٰ کی محبت میں ہوتا ہے۔
انبیاء کرام ؑرول ماڈل،ہمیںانکی طرح زندگی گذارنی چاہیے :ریاض حسین نجفی
Feb 27, 2023