لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کے 14 ویں میچ میںکراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 66 رنز سے شکست دیدی۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ کنگز نے سلطانز کو فتح کیلئے 168 رنز کا ہدف دیا۔ محمد رضوان اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا۔ شان مسعود 25 رنز بنا کر عاکف جاوید کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ شعیب ملک نے رائلی روسو کو 7 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔ ڈیوڈ ملر بھی اچھی اننگز فراہم نہ کر سکے اور 7 رنز بنا کر تبریز شمسی کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔ محمد رضوان 29 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ملتان کی ٹیم 101 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔ تبریز شمسی اور شعیب ملک نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ کراچی کنگز نے پی ایس ایل 8 میں دوسری کامیابی حاصل کی ہے۔کراچی کنگز نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر جیمز ونس 27 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے ‘ میتھیو ویڈ اور طیب طاہر نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 109 رنز جوڑے۔طیب طاہر نے ڈیبیو میں نصف سنچری بنائی اور 65 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ‘ میتھیو ویڈ 46 رنز بنا کر احسان اللہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔کپتان عماد وسیم 14 رنز اور شعیب ملک 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔کراچی کنگزنے تین وکٹوں پر 167رنز بنائے۔