حیدرآباد(بیورو رپورٹ) سندھ پنجابی اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (سپا)کے نومنتخب مرکزی چیئرمین شاہد چوہدری نے طلباء سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اندر اتحاد قائم رکھ کر اپنی تعلیم پر توجہ دیں،اپنی ثقافت کو زندہ رکھنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں،موجودہ وقت میں جنگ گولی سے نہیں بلکہ بولی سے جیتنی ہے،وہ مہران آرٹس کونسل میں سندھ پنجابی اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (سپا)کی جانب سے منعقدہ جتن میوزیکل پروگرام کے شرکاء سے خطاب کیا۔ راجہ توقیر، ڈاکٹر افضل آرائیں، سابق چیئرمین شہباز گل، ملک اقبال و دیگر بھی تقریب میں شریک تھے۔ نومنتخب مرکزی چیئرمین شاہد چوہدری نے کہا کہ سندھ میں کئی دہائیوں سے آباد پنجابی برادری نے سندھ کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے ،پنجابی برادری کسی بھی قومیت کے خلاف نہیں تمام قوموں کے لئے ہمارا منشور و پیغام امن ہے انہوں نے طلباء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر آگے بڑھنا ہے تو امن و بھائی چارے کے پیغام کو فروغ دینا ہوگا، طلباء اپنی تعلیم پر توجہ دے کر ترقی کی منازل طے کریں اس موقع پر(سپا)کے سرپرست اعلی حاجی سیف الرحمان آرائیں نے نومنتخب کابینہ کے اراکین چیئرمین شاہد چوہدری، سینئر وائس چیئرمین آصف گل،وائس چیئرمین چوہدری جنید ڈیرھ، سیکریٹری جنرل سرداد بابر واہلہ،ڈپٹی جنرل سیکریٹری بہرام گل، جوائنٹ سیکریٹری افتخار جٹ، ڈپٹی جوائنٹ سیکریٹری علی گوہر آرائیں، پریس سیکریٹری داد گل کو منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے ہار پہنائے،جبکہ پنجابی اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے سینئر رہنما راجہ توقیر نے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا بعد ازاں محفل موسیقی میں مختلف فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ بھی کیا۔