گوجرانوالہ میں 53سو بھینسیں،400سے زائد بھانے ہیں: ڈاکٹر صفدر حسین 


گوجرانوالہ( نمائندہ خصوصی)گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر صفدر حسین نے ایک سروے رپورٹ مرتب کی ہے جس میں گوجرانوالہ شہر میں بڑے بھینسوں کے بھانوں کی تعداد تقریبا 400سے زائد جن میں 53سو سے زائد بھینسیں ہیں، بھینسوں کے یہ باڑے شہر کے تقریبا ہر گلی محلے میں ہیں اور یہ جانور نہ صرف شہر کی سڑکوں پر بے دریغ پھرتے اور گندگی پھیلاتے ہیں ان جانوروں کا روزانہ کا جمع ہونے والا گوبر اور گرین ویسٹ بھی شہر کی سڑکوں کے اوپر یا گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے کوڑا کولیکشن پوائنٹس پر کوڑا دان کے اندر اور اطراف میں پھینک دیا جاتا ہے یہ جا بجا گوبر کے ڈھیر شہر کی خوبصورتی پر اثر انداز ہو رہے ہیں اور بھینسوں کا چھوٹی بڑی شاہراہوں پر پھرنا، گوبر پھیلانا گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے معمول کے صفائی آپریشن کو بھی بری طرح متاثر کررہا ہے، بھینسوں کے  بھانے شہر سے باہر منتقلی کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں مزید کہا ہے کہ بھینسوں کے گوبر سے نہ صرف صفائی نظام متاثر ہے بلکہ سیوریج نالیوں اور واسا کے زیر کنٹرول بڑے گندے نالے(سیوریج لائنیں)بھی اکثر اوقات بند ہوتے ہیں جس سے شہریوں کو نکاسی آب کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سی ای او جی ڈبلیو ایم سی نے بھینسوں کے مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے شہر کا خیال کریں اور وسائل کو شہر کی صفائی ستھرائی میں بروئے کار لانے میں مدد کریں اور گوبر اور گرین ویسٹ خشک کرکے بکھڑے والی ڈمپ سائٹ پر منتقل کریں جس کے کوئی چارجز نہیں لیے جائیں گے ۔

ای پیپر دی نیشن