حکمرانوں نے دین چھوڑ کر آئی ایم ایف کی غلامی اپنالی : نائب امیر جماعت اسلامی 


کراچی (کامرس رپورٹر)  نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی، معاشی، ماحولیاتی بحران ہے، حکمرانوں نے دین حق کو چھوڑ کرقرض پر کھڑی سرمایہ دارانہ معیشت اورآئی ایم ایف کی غلامی اپنائی، جس سے مہنگائی، بے روزگاری، بد امنی کی صورت تباہی کا سامنا ہے۔جماعت اسلامی عام سیاسی جماعتوں کی مانند نہیں ہے، اسکا کردار،عمل،طریقہ کار اطاعت رب پر کھڑا ہے۔آزمائی ہوئی سیاسی جماعتوں نے پورے ملک اور عوام کو دھوکے اور جھوٹ کے سوا کچھ نہیں دیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں جماعت اسلامی سندھ کے تحت 2 روزہ تربیت گاہ برائے امیدواران سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔2روزہ تربیت گاہ میں سندھ بھرسے شرکاء شریک تھے۔جماعت اسلامی کے رہنماوں کے علاوہ دینی اسکالرز،تعلیمی ماہر اورجید علماء کرام کے لیکچرز واسٹڈی سرکل کا اہتمام کیا گیا تھا۔راشد نسیم کا مزید کہنا تھاکہ جماعت اسلامی کی دعوت اسلامی انقلاب کی ہے جو زندگی کے تمام دائروں پر محیط ہے۔ اعلیٰ اخلاقی اقدار و صفات کی بدولت جماعت اسلامی دلوں میں جگہ بناتی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی صرف پرچم اور نعروں کا نام نہیں بلکہ یہ ایک مکمل نظریاتی دینی جماعت ہے جسمیں صرف اللہ کی رضا اور دین کو قائم کرنے کے لیے لوگ شامل ہوتے ہیں۔تربیتی اجتماع سے الخدمت پاکستان کے سیکریٹری سید قاص انجم جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی کارکنان کی ذہنی و فکری تربیت کے ساتھ اس غلبہ دین کے مشن کے لیے بھی تیارکرتی ہے۔ہمارا کارکن اپنے سیاسی مخالف سے بھی دلیل کے ساتھ بات کرتا ہے کیونکہ ہم ہر شخص کی بھلائی اور اخروی کامیابی چاہتے ہیں ، انسان کو بندگی کا شعور حاصل ہوجائے تو یہی اس کی بہت بڑی کامیابی ہے۔حسن سلوک اور دیانتداری کے ساتھ معاملات زندگی کرنا بھی اللہ کی بندگی ہے،حصول رزق حلال عین عبادت ہے اور آج کے دور میں جو شخص حلال رزق کھاتا ہے وہ سب سے بڑا ولی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسانی زندگیوں کو اللہ کی شریعت اور رسول کی سنت کے مطابق ڈھالنے کا نام جماعت اسلامی ہے ہماری سب سے قیمتی متاع اور سامان ہمارا ایمان ہے ، پوری دنیا کے اندر کفر اور باطل کا نظام نافذ ہے جب تک یہ نظام قائم ہے انسان ایسے ہی سسکتی ہوئی زندگی گذارے گا۔اجتماع سے شیخ القرآن و مدیر جامعہ حرمین مفتی عطا الرحمٰن نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سید مودودی کے انقلابی لٹریچر پر یہ عالمی تحریک برپا ہوئی ہے جس نے لوگوں کو حق و باطل کا شعور دیا ہے۔ قرآن کی دعوت یہی ہے کہ ہر باطل و طاغوت کی غلامی سے نکل کر صرف اپنے خالق کی بندگی میں آیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن