قرآن مجید سرچشمہ ہدایت ہے، حاجی محمد امین عطاری

Feb 27, 2023


کراچی (کامرس رپورٹر) دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن و نگران کراچی سٹی مشاورت حاجی محمد امین عطاری نے کہا ہے کہ قرآن کریم میں ہر عمر کے افراد کیلئے ایک ایک لمحے اور زندگی کے ہر معاملے سے متعلق ہدایت موجود ہے،ہر شخص اس کو پڑھ لے،پڑھ کر سمجھ لے،سمجھ کر اس کو قبول کرلے ایسا نہیں ہوتا ہے،بہت سے لوگ ہدایت سے محروم رہتے ہیں،ابو جہل نے بھی قرآن سنا،اسے عربی سمجھ بھی آتی تھی مگر اس نے ہدایت قبول نہ کی،کئی کافروں نے سرکار ﷺ کا معجزہ دیکھا انہوں نے چاند ٹوٹتے دیکھا،پتھروں کو کلمہ پڑھتے سنا،درختوں کو سجدہ کرتے دیکھا، وہ لوگ مانتے تھے کہ آپ ﷺ سچے ہیں اور قرآن کریم بھی پاکیزہ سچا کلام ہے مگر اس ہدایت کو قبول نہ کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں بیان کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم یہ رحمت کی بارش ہے،جب زمین پر بارش برستی ہے تو زمین پر پھل لگ جاتے ہیں سبزہ اگ جاتا ہے اور یہی بارش جب کچرے پر برستی ہے تو بد بو اٹھتی ہے،قرآن کریم ہدایت کی بارش ہے جو دلوں پر برستی ہے مگر لوگوں کے دل مختلف ہیں،جس کے دل کی زمین ذرخیز ہوجب وہ قرآن سنتے ہیں تو ان کے دل میں نیکی،یقین اور روحانیت کے پھول کھل جاتے ہیں،ان میں نیکی روحانیت،توبہ اور محبت الہٰی کے پھل لگ جاتے ہیں اور جن کے دل کی زمین ذرخیز نہیں، جب وہ قرآن سنتے ہیں تو ان سے بد بو کے بھپکے اٹھتے ہیں،الغرض قرآن کریم سب انسانوں کیلئے راہ ہدایت ہے،مگر اس ہدایت کو قبول کرنے کیلئے دل کی زمین کا ذر خیز ہونا ضروری ہے،وہ خوش نصیب ہیں جن کے دل ذرخیز ہیں،وہ قرآنی ہدایت کو قبول کرکے ہدایت پاتے ہیں۔ حاجی محمد امین عطاری نے کہا کہ ایمان کی جان تو نبی پاک ﷺ کے ارشاد پر کان،عقل وغیرہ سے زیادہ اعتماد ہوناہے، ہمارے آقا ﷺ کے تمام فرامین حق ہیں،اللہ پاک ہمیں بھی سعادت مند بنائے یہ بھی اک نعمت ہے۔

مزیدخبریں