حکومتی سطح پرکفایت شعاری کااعلان قابل تحسین اقدام ہے،حاجی حنیف 

کراچی (کامرس رپورٹر)  چیئرمین نظام مصطفی پارٹی سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب نے کہاہے کہ حکومتی سطح پر سادگی اورکفایت شعاری کااعلان قابل تحسین اقدام ہے انہوںنے کہاکہ ماضی میں اس طرح کے کئی اعلانات ہوئے لیکن عمل درآمد نہیں کیاگیا ،ضرورت اس  امر کی ہے اس پر نیک نیتی سے عمل کیاجائے،کفایت شعائری مہم کوکامیاب بنانے کیلئے ملک گیرسطح پر اجتماعی اورانفرادی کوششوں کی ضرورت ہے۔البتہ یہ سوال بھی اپنی جگہ اہم ہے کہ کابینہ کا حجم عوام کے سامنے سوالیہ نشان کی طرح اُبھرتا ہے پاکستان کی تاریخ میں اتنی بڑی کابینہ نہیں رہی ۔ حاجی محمدحنیف طیب نے اس بات پرتشویش کااظہارکیاکہ یہ خبر بھی سنائی گئی کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ طے ہونے کے نتیجے میں مہنگائی میں مزیداضافہ ہوگاقرض کے حصول کیلئے مہنگائی کا مزید بوجھ عوام پر ڈالنے کے بجائے،مہنگائی کوکم کرنے کیلئے روزگارکے مواقع پیداکرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں، ملک میں موجودقدرتی وسائل کے استعمال کو بروئے کارلاکر ملک کو اپنے پاؤں پرکھڑاکر کے خودانحصاری کی پالیسی اختیارکی جائے ۔

ای پیپر دی نیشن