کراچی (کامرس رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سید امتیاز علی شاہ نے ضلع کورنگی کے تفصیلی دورے کے موقع پر دوسرے پی سی ٹی ایس اسٹیشن کا معائنہ کیا۔چائنیز کمپنی کے جی ایم نے انہیں بریفنگ میں بتایا کہ کچرا کنڈی کا خاتمہ کرکے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے۔ پہلا اسٹیشن 3000 روڈ پر بنایا گیا ہے جہاں چھ یوسیز کا کچرا تقریبا 250 ٹن لایا جاتا ہے دوسرا پی سی ٹی ایس بھی 3000 روڈ پر زیر تعمیر ہے جہاں پورے انڈسٹریل ایریا کا کچراجمع کیا جائے گا۔کچرا علاقوں سے اٹھانے کے بعد اسے مشینری کے ذریعے کچرے کو اندر ہی کمپریس کیا جاتا ہے اس میں کچرا رکھنے کی گنجائش 20سے 25ٹن ہے بعد ازاں اسی کمپیکٹرکے ذریعے لینڈ فل منتقل کیا جاتا ہے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا مقصد کچرا کنڈیوں کا خاتمہ یقینی بنانا اور ماحول صاف رکھنا ہے دیگر تفصیلات میں ٹوٹل 6جگہوں پر پی سی ٹی ایس اسٹیشن بنائے جائیں گے جس میں سوکوارٹر میں بھی اسٹیشن زیرتعمیر ہے اس کے علاوہ شرافی گورٹھ جی ٹی ایس، عظیم پورہ روڈ اور 5000 روڈ شامل ہیں۔ اس موقع پر ایم ڈی امتیاز علی شاہ نے کہا کہ تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے اور جدید مشینری کا بہتر انداز میں استعمال یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ گاڑیوں اورڈسٹ بن کی مرمت اور دیکھ بھال بروقت یقینی بنانے کے لئے بھی کوئی حکمت عملی بنائیں تاکہ کسی علاقے میں کام متاثر نہ ہو۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹرآپریشن طارق نظامانی،چائنیز کمپنیز کے عہدیداران کے علاوہ متعلقہ افسران موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کچرا اٹھانے کے مجموعی آپریشن کی کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ شہر کو صاف ستھرا کرکے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے جلد از جلد اقدامات کریں۔
ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا دورہ کورنگی
Feb 27, 2023