مریم نواز کی عدلیہ مخالف مہم انکے اندر کے خوف کی عکاسی کررہی ہے:  چوہدری پرویز الہیٰ

Feb 27, 2023 | 17:51

ویب ڈیسک

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ شہباز شریف، مریم نواز کی عدلیہ مخالف مہم انکے اندر کے خوف کی عکاسی کررہی ہے جب کہ عدلیہ پر حملے کرنا ان کی پرانی روش ہے۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے گجرات میں ضلع کونسل کے سابق چیئرمین، ارکان ضلع کونسل اور پی ٹی آئی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پاکستان کی سیاست کی سب سے بڑی حقیقت ہے، عمران خان کا راستہ روکنے کی پی ڈی ایم کی ہر سازش ناکام ہوگی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پارٹی صدر بناکر عزت دی. ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلیں گے. ہمارا خاندان، ہمارے حمایتی اور جس کو ہم سے محبت ہے سب دل جان سے عمران خان کے ساتھ چلیں۔چوہدری پرویز الہیٰ کا کہناتھا کہ راجن پور عوام نے پی ٹی آئی امیدوار کو کامیابی دیکر وفاقی اور پنجاب نگران حکومت کو بھرپور جواب دیدیا، راجن پور کے عوام کوسلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ظلم اور جبر کے ہرہتھکنڈے کا منہ توڑ جواب دیا۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ راجن پور کے انتخابی نتائج نے ایک بار پھر عمران خان کی مقبولیت پر مہر ثبت کردی ہے. راجن پور میں پی ٹی آئی کے کامیاب رکن محسن لغاری اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم جان لے عوام اب انتقامی ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں. مقدمات، گرفتاریاں، جعلی آڈیو، ویڈیو لیکس سے بھی عوام خوفزدہ نہیں، پی ڈی ایم عدلیہ کے خلاف مہم سے باز رہے. عدلیہ آئین کے ساتھ کھڑ ی ہے اس کو دباؤ میں نہیں لایا جاسکتا۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف، مریم نواز کی عدلیہ مخالف مہم انکے اندر کے خوف کی عکاسی کررہی ہے. عدلیہ پر حملے کرنا نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کی پرانی روش ہے۔ شہباز شریف کی ناکامیوں کی داستان طویل ہے، عوام ووٹ کی طاقت سے نااہل ٹولے سے بدلہ لیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے عام انتخابات میں انشاء اللہ دوبارہ بھاری اکثریت سے عمران خان کی حکومتیں بنیں گی، تحریک انصا ف کی جیل بھرو تحریک میں کارکنو ں اور عوام کاجوش و جذبہ دیکھنے والا ہے، پی ٹی آئی کے لیڈر ز کارکنوں کے ساتھ گرفتاریاں پیش کرکے حکومت کے انتقامی ہتھکنڈوں کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروارہے ہیں۔

اس موقع پر محترمہ سمیرا الٰہی، صفیہ جاوید چوہدری، امجد پرویز بٹ، شمشاد ملہی، ضمیر شاہ، عاطف شاہ، عکاظ متہ، شیخ شہکاز اسلم، طاہر ترکھا، نعمان اکبر منگووال، ملک رشید احمد، ساجد دلشاد، نجم الحسن بھٹی، توصیف لیاقت، عرفان بشیر کنگ، چودھری اقبال سوک کلا ں و دیگر موجود تھے۔


 

مزیدخبریں