ٹیم سپرٹ مشق 2024ئ


 ساتویں بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مشق 2024ءکی افتتاحی تقریب ہوئی۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ٹیم سپرٹ مشق 2024ءکی تقریب نیشنل کاونٹر ٹیررزم سینٹر پبی میں منعقد ہوئی، ڈائریکٹر جنرل ملٹری ٹریننگ نے 60 گھنٹے طویل مشق کا افتتاح کیا۔ تقریب میں فوجی مبصرین سمیت 20 دوست ممالک نے شرکت کی۔ شریک ممالک میں بحرین، اردن، قازقستان، سعودی عرب، مالدیپ، قطر، سری لنکا، تھائی لینڈ، ترکی، امریکا اور ازبکستان بھی شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، مشقوں کا مقصد پیچیدہ بین الاقوامی سکیورٹی ماحول کے تحت فوجی تعاون کو بڑھانا ہے۔ دور عصر جدت کا دور ہے۔جنگیں تیرو تفنگ سے ہوتی ہوئیں ٹینکوں، جہازوں، میزائلوں، راکٹوں سے بھی آگے اب دفاتر میں بیٹھ کر لڑی جا رہی ہیں۔ 15 ہزار میل دور سے ڈرون کو کنٹرول کیا جاتا ہے بغیر پائلٹ کے جہاز آچکے ہیں۔ایک بٹن دبانے سے جنگ کا پانسا پلٹ سکتا اور فیصلہ ہو جاتا ہے۔پاک فوج دنیا کی بہترین افواج میں سے ایک ہے بلکہ پاک فوج جس طرح دہشت گردی کا مقابلہ کرنے میں مہارت رکھتی ہے اس حوالے سے دنیا کی یہ واحد فوج ہے جس کے تجربات سے کئی ممالک استفادہ کرتے ہیں۔ پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ ایک مشن کے لیے مخصوص اور ٹاسک پر مبنی پیشہ ورانہ فوجی مشق ہے جو پاکستان میں ہر سال منعقد کی جاتی ہے۔مشق میں جسمانی فٹنس، ذہنی چستی و مضبوطی اور پیشہ ورانہ فوجی مہارت کے اعلیٰ معیار پر توجہ مرکوز کی گئی ہے تاکہ قریبی اور حقیقی ماحول میں چیلنجز سے نمٹنے کے لیے فوری فیصلہ کیا جاسکے۔ پاک افواج اپنی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے دنیا کے مختلف ممالک میں منعقد ہونے والی دفاعی مشقوں میں حصہ لیتی رہتی ہیں۔ پاکستان میں ہونے والی بری، بحری اور فضائی مشقوں میں دنیا کے ممالک بھی شمولیت اختیار کرتے ہیں۔ دفاعی ساز و سامان کے ساتھ ساتھ افواج کی ذہنی اور جسمانی فٹنس کے لیے ریاست پوری توجہ دیتی ہے یہی جدید دور کا بھی تقاضا ہے۔

ای پیپر دی نیشن