مقبوضہ کشمیر: قابض فوج کا کریک ڈاؤن جاری، تلاشی کارروائیاں، کئی نوجوان گرفتار

Feb 27, 2024

سرینگر(کے پی آئی ) مقبوضہ جموں و کشمیرمیں قابض بھارتی فوج کے مختلف علاقوں میں کریک ڈاون جاری ہیں ،کریک ڈاون کے دوران کئی نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے ، بھارتی فوج نے کئی علاقوں کامحاصرہ کرکے تلاشی آپریشن شروع کررکھا ہے ،ضلع راجوری میں بھارتی فوجیوں نے ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا۔ بھارتی فوج نے نوجوان کو ضلع کے علاقے کیری میں محاصرے اورتلاشی کی ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا۔ ادھر بھارتی پولیس نے سوپور، بارہمولہ اور گاندربل کے علاقوں میں متعدد نوجوانوں کو گرفتار کیاہے جبکہ  جموں خطے کے کٹھوعہ ریلوے سٹیشن پر کھڑی ایک مال بردار ریل بغیر ڈرائیور کے چلنا شروع ہو گئی اور 70کلو میٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے پنجاب کے ضلع ہوشیار پورپہنچ گئی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق 50سے زائد بوگیوں والی مال بردار ریل 70 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی رہی۔دوسری جانب مقبوضہ جموں و کشمیر میں سول سوسائٹی کے ارکان نے بھارتی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔ ڈاکٹر زبیر احمد، محمد فرقان، محمد اقبال شاہین اور سید حیدر حسین جیسی سرکردہ شخصیات نے سرینگر میں ایک مشترکہ بیان میں دفعہ 370اور 35-Aکو ان کی اصل حالت میں بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

مزیدخبریں