کراچی(این این آئی)سندھ ہائیکورٹ نے لاپتا شہریوں کی تصویریں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر شائع کرنے کی ہدیت کرتے ہوئے گمشدہ افراد کو تلاش کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔پیرکوسندھ ہائی کورٹ میں جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں بینچ نے لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی۔دورانِ سماعت عدالت نے تفتیشی افسر سے مکالمہ کرتے ہوئے لاپتا افرادکی بازیابی کے لئے بڑا حکم نامہ جاری کردیا۔عدالت نے حکم دیا کہ لاپتا افراد مطلوب ہیں یا از خود غائب ہوئے انہیں تلاش کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔عدالت نے ملک کی جیلوں، حراستی مراکز اور تمام اداروں سے رپورٹس حاصل کرکے پیش کرنے کا بھی حکم دے دیا۔اس کے علاوہ عدالت نے گمشدہ افراد کی ٹریول ہسٹری بھی پیش کرنے کا حکم دیا، وفاقی سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری دفاع اور دیگر کو بھی رپورٹس پیش کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہ لاپتا افراد کے معاملے پر جو بھی کارروائی کی جارہی ہے روزانہ کی بنیاد پر عدالت کو آگاہ کیا جائے۔جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے کہا کہ گمشدہ شہریوں کی تصویریں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر شائع کی جائیں۔