مریم نواز کی گراں فروشی کے خاتمے، سزائیں یقینی بنانے کی ہدایت، شارلیمار تھانے کا دورہ

Feb 27, 2024

لاہور( خصوصی نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ مریم نواز وزیر اعلیٰ آفس پہنچ گئی۔پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش، سلامی پیش کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عہدہ سنبھالتے ہی مہنگائی سے ریلیف کے لئے اقدامات کا اعلان،  پرائس کنٹرول کے لئے پائیدار اقدامات کا حکم۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے5 روز میں پرائس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ قائم کرنے کا حکم دیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ عارضی اقدامات کافی نہیں، مہنگائی پر قابوپانا ترجیحات میں اولین ہے۔ گراں فروشی کے خاتمے کے لئے پائیدار سسٹم وضح کیا جائے۔ پھلوں،سبزیوں اور دیگر اشیا خوردونوش کے نرخ کنٹرول کئے جائیں۔ گراں فروشی کا ارتکاب کرنے والوں کے خلاف سزا یقینی بنائی جائے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے میرٹ پر عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ کسی کی سفارش نہیں چلے گی، صرف میرٹ اور انصاف ہونا چاہیے۔ تھانوں کی شکل وصورت بدلنا کافی نہیں،رویے بدلنا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس سسٹم سے متعلق کئے وعدے ہر صورت پورے ہوں گے۔پولیس میں رشوت کے کلچر کو ہرصورت ختم کریں گے۔ سیف سٹی اتھارٹی کا دائرہ کار بڑھائیں گے۔ وزیراعلی نے کہا کہ اچھے پولیس افسروں کی قدر کرتے ہیں، اچھرہ میں خاتون کی جان بچانے والی آفسر سے ملنا چاہوں گی۔مریم نواز شریف کا پہلے ہی روز میٹنگ کے بعد شیڈول کے بغیر اچانک  تھانہ شالیمار کا دورہ۔ وزیر اعلیٰ نے فرنٹ ڈیسک کا جائزہ لیا،آئی جی نے بریفنگ دی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے حوالات میں بند قیدیوں سے بات چیت کی اور تھانہ میں خواتین کے مخصوص واش روم بھی چیک کئے۔ 

مزیدخبریں