اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاک بحریہ نے مشق سی سپارک 2024 کے اختتام پر شمالی بحیرہ عرب میں فائر پاور کا کامیاب مظاہرہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے فائر پاور ڈسپلے کا مشاہدہ کیا۔ پاک بحریہ کے بحری جہاز نے سطح آب سے فضا میں مار کرنے والے FM 90 میزائلز سے فضائی ٹارگٹس کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ لائیو میزائل فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیت اور حربی تیاری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ پاک بحریہ ملکی بحری سرحدوں کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔