سکھر (نوائے وقت رپورٹ) پنو عاقل کے کچے میں زمین کے تنازع پر جتوئی اور مہر قبائل کے درمیان تصادم میں 7 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق مرنے والوں کا تعلق دونوں قبائل سے ہے اور تصادم کے باعث علاقے میں کشیدگی برقرار ہے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) زبیر نذیر شیخ کے مطابق جتوئی قبیلے کی لاشیں ورثا لے گئے تھے اور پولیس کے بارہا رابطہ کرنے پر جتوئی قبیلے کے افراد مقتولین کی لاشیں ہمارے حوالے کرنے پر رضامند ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ مقتول عبدالحفیظ مہر کی لاش جائے وقوعہ سے ملی۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔