لاہور (نوائے وقت رپورٹ) کرتارپور کوریڈور کے قیام کے بعد گوردوارہ دربار صاحب میں پہلی بار سکھ جوڑے کی شادی کی رسم ادا کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سکھوں کے مقدس مقام گوردوارہ دربار صاحب، کرتار پور میں سیوا دار بھائی ارجن سنگھ کی شادی کی رسم ادا کی گئی۔ ارجن سنگھ کا تعلق سیالکوٹ کے نواحی علاقہ سے ہے۔ ان کی شادی امن کور سے سرانجام پائی جو ظفروال کی رہنے والی ہیں۔ انندکارج (شادی) کی رسم گوردوارہ کے ہیڈ گرنتھی سردار گوبند سنگھ نے ادا کیں۔ اس موقع پردولہا اور دلہن کے رشتہ داروں سمیت پی ایم یو کرتارپور کے نمائندے بھی موجود تھے۔ 2019ء میں جب سے کرتارپور کوریڈور اوپن ہوا ہے اور گوردوارہ صاحب کے احاطے میں توسیع کی گئی ہے اس کے بعد یہاں انجام پانے والی یہ پہلی شادی ہے۔ واضع رہے کہ پاکستان میں ابھی تک سکھ شادی کی رجسٹریشن کا قانون منظور نہیں ہو سکا ہے۔