راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)دربارِ عالیہ عید گاہ شریف میں شبِ برات کے موقع پر عظیم الشان محفلِ شبِ توبہ کا انعقاد کیا گیاجس میںجنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ اس عظیم روحانی دعائیہ اجتماع کی صدارت سجادہ نشین پیر محمد نقیب الرحمن نے کی اور اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا شبِ توبہ کے موقع پر عید گاہ شریف میں ہم سب کو اکھٹے ہو کر ربِ رحمان کے حضور توبہ و استغفار، حضور نبی رحمت کے ذکرِ خیر کو کرنے، سننے اور دعا و مناجات کا جو موقع فراہم کیا گیا ہے یقینی طور پر یہی لمحات ہماری ہمیشہ کی زندگی کے لئے قیمتی اثاثہ ہیں۔آستانہ عالیہ عید گاہ شریف سے ہمیشہ فروغ عشقِ رسولِ مقبول اور وطنِ عزیز کی سلامتی وسر بلندی کے لئے سعی کی گئی ہے۔ حاضرین محفل نے جہاں وطنِ عزیز کی سلامتی، ترقی کے لئے نہایت عاجزی سے دعائیں کیں وہیں اپنی بہادر افواج جو درحقیقت عالمِ اسلام کی بہادرافواج ہیں جنہوں نے اپنا لہو دے کر وطن عزیز کے دفاع کو نا قابلِ تسخیر بنا دیا ہے ان کے لئے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔اس عظیم دعائیہ اجتماع میں کثیر تعداد میں علمائے کرام، نعت خوانانِ عظام جن میں محمد عامر فیاضی، غلام مصطفی،حافظ احمد رضا قادری، ممتاز سماجی شخصیت و تاجر شہباز ظہیر، شمع رسالت کے پروانوں اور خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ محفل کا اختتام سحری کے قریب درود و سلام کے بعد پیر محمد نقیب الرحمن کی وطنِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی،ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی، اتحاد بین المسلمین اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی ظلم و بربریت سے نجات اور آباد کاری کے لئے خصوصی دعا پر ہوا جس کے بعد روزہ رکھنے کے لئے وسیع و عریض سحری کا بھی اہتمام تھا۔