لاہور ( نیوز رپورٹر) ترجمان لیسکو کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے خصوصی وفد نے لیسکو ہیڈکواٹر کا دورہ کیا اور چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر جی ایم ٹیکنیکل عامر یاسین، چیف فنانس آفیسر بشریٰ عمران اور چیف انجینئر ڈویلپمنٹ طاہر میو بھی موجود تھے۔ دوران گفتگو وفد کا کہنا تھا کہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے دلچسپی رکھتا ہے اور اس مقصد کے لیے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں سرمایہ کاری کا خواہشمند ہے۔ تقسیم کار کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرنے کا مقصد بجلی کی تقسیم کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو نے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی جانب سے سرمایہ کاری کی پیشکش کو خوش آئند قرار دیا۔
ایشیائی بنک وفد کی لیسکو چیف سے ملاقات، بجلی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش
Feb 27, 2024