شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے مریم نواز شریف کے وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہونے پر انہیں مبارک باد دیتے ہوئے کہا انشاء اﷲ صوبہ کی تعمیرو ترقی کا سفر شروع ہو گا اور قوم میں پائی جانے والی بے یقینی و مایوسی کا خاتمہ ہو گا۔ مہنگائی میں واضح کمی آئے گی اور نوجوانوں کو روزگار کے وسیع مواقع ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ وفاق میں بھی حکومت سازی کے فوری بعد اپنے انتخابی منشور کے مطابق ڈلیور کرنے کی طرف بھرپور توجہ دے گی ہر حال میں عوام کے دکھوں کا مداوا کیا جائے گا۔ پارٹی قیادت عوام کو ریلیف کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے اور ملکی تعمیرو ترقی کے وژن کی تکمیل پارٹی کا طرہ امتیاز‘ اس اعزاز کو انشاء اﷲ برقرار رکھا جائے گا اور عوامی خدمت و ملکی ترقی کی نئی تاریخ رقم کی جائے گی۔