اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزارت داخلہ نے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے خفیہ ایجنسیوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کا اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ گزشتہ روز سپریم کورٹ میں دائر کی گئی اپیل میں آئی جی اسلام آباد اور اسلام آباد انتظامیہ کو فریق بنا تے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ یہ اصول طے شدہ ہے کہ ہائیکورٹ از خود نوٹس کا اختیار استعمال نہیں کر سکتی ہے بلکہ رٹ پٹیشن کے اختیار میں صرف وہی ریلیف دے سکتی ہے جو درخواست گزار کی جانب سے مانگا گیا ہو؟۔ ہائیکورٹ نے خفیہ اداروں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دے کر انتظامیہ کے معاملات میں مداخلت کی ہے۔ لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق پہلے ہی انکوائری کمشن موجود ہے۔ اپیل گزار کے مطابق ہائیکورٹ نے بغیر مقدمہ یا کسی شکایت کے 26 لوگوں سے متعلق کہا ہے کہ انہیں مبینہ طور پر انہیں بلوچستان سے اٹھایا گیا ہے حالانکہ بلوچستان کے معاملات کو اسلام آباد ہائیکورٹ دیکھ ہی نہیں سکتی ہے۔ اپیل گزار نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا19 فروری کا حکمنامہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔
لاپتہ افراد: خفیہ ایجنسیوں کی کمیٹی بنانے کا اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج
Feb 27, 2024