ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اورمقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پردوسو ننانوے رنز بنائے، جوناتھن ٹروٹ ایک سو دو اورمیٹ پرائرسڑسٹھ رنز بنا کر نمایاں رہے۔ آسٹریلیا کی طرف سے ڈیوڈ ہسی نے چار اور سٹیون سمتھ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں آسٹریلین ٹیم سات وکٹوں کے نقصان پر دو سو اٹہتررنز بنا سکی۔ شین واٹسن چونسٹھ رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے بازرہے۔ انگیلنڈ کے جیمز اینڈرسن اورجوناتھن ٹروٹ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلیا کو اب بھی سیریز میں تین ایک سے برتری حاصل ہے جبکہ سیریز کا پانچواں میچ تیس جنوری کو کھیلا جائے گا۔ انگلش کرکٹ کے سابق کپتان ایلک سٹیورٹ نے کہا ہے کہ انیس سو بانوے کے بعد پہلی بار ٹیم میں جیت کا جنون دیکھا ہے۔آسٹریلیا کے ہاتھوں مسلسل تین ایک روزہ میچوں میں شکست کے باوجود انگلش ٹیم میگا ایونٹ میں دوسری ٹیموں کے لئے ایک بڑا خطرہ ثابت ہوگی۔