لاہور (خصوصی نامہ نگار) امریکی فوج کی طرف سے افغانستان میں قرآن پاک کی بے حرمتی، پوپ کے اسلام مخالف بیان اور ملعون امریکی پادری کی دریدہ دہنی کیخلاف احتجاج کا سلسلہ گذشتہ روز بھی جاری رہا۔ تحریک حرمت رسول پاکستان کی طرف سے لاہور سمیت متعدد شہروں میں جلسوں اور حرمت رسول کانفرنسوں کا انعقاد کیا گیا جن میں شریک ہزاروں افراد کی طرف سے قرا ن پاک اور حرمت رسول کے تحفظ کیلئے قربانیاں و شہادتیں پیش کرنے کا عزم کیا گیا ہے۔ مولانا امیر حمزہ نے مرکز القادسیہ چوبرجی میں مقامی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ و نیٹو فورسز افغانستان میں بدترین شکست سے بوکھلا کر قرآن پاک کی بے حرمتی جیسی مذموم حرکتیں کر رہی ہیں۔ مسلمان قرآن پاک کی بے حرمتی اور نبی اکرم کی شان میں گستاخیاں ہرگز برداشت نہیں کر سکتے۔ جامع مسجد طیبہ چیمبر لائن لاہور میں مولانا بشیر احمد خاکی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ امریکہ کی بجائے اللہ کو راضی کرنے کی کوشش کریں۔حیدر آباد، سیالکوٹ میں خالد سیف الاسلام، غلام قادر سبحانی نے جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحفظ حرمت رسول اور قرآن پاک کی حفاظت کا فریضہ سر انجام دینا ہر مسلمان پر فرض ہے ۔