دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں تیسرے روز پاکستانی ٹیم مشکلات سے دوچار رہی اور دوسری اننگز میں ابتدائی چار بلے باز صرف پچپن رنز بنا کر ہی پولین لوٹ گئے تاہم اظہر علی اور اسد شفيق کی جوڑی نے ذمہ دارانہ بيٹنگ سے ٹيم کو سہارا ديا اور اکہتر رنز کی ناقابل شکست پارٹنر شپ قائم کی۔ تیسرے روز کھیل کے اختتام پر اظہر علی چھیالیس اور اسد شفيق پینتیس رنز بنا کر کريز پر موجود ہيں۔ گرین شرٹس کو انگلينڈ کے خلاف پچپن رنز کی مجموعی برتری حاصل ہے اور اسکے ابھی چھ کھلاڑی باقی ہيں۔ مونٹی پنیسر نے محمد حفيظ کو بائیس، یونس خان کو ایک اور کپتان مصباح الحق کو بارہ رنز پر پویلین واپس بھیجا جبکہ توفيق عمر سات رنز پر ایک بار پھر گريم سوان کا شکار بنے۔ اس سے قبل پاکستان کے دوسو ستاون رنز کے جواب میں انگلينڈ کی پوری ٹيم اپنی پہلی اننگز ميں تین سو ستائیس رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔