محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا، تاہم مالاکنڈ ڈویژن اور کشمیر میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوئی۔ سب سے زیادہ برفباری کالام میں چار انچ ریکارڈ کی گئی جبکہ سب سے زیادہ بارش دیر میں دو ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ آج ملک میں کم سے کم درجہ حرارت کالام میں منفی تیرہ ڈگری سینٹی گریڈ رہا، اس کے علاوہ پاراچنار منفی بارہ، ہنزہ منفی آٹھ، سکردو اور گوپس منفی سات، کوئٹہ اور قلات منفی چھ، اسلام آباد ایک، لاہور، پشاور اور فیصل آباد چار، مظفرآباد تین، ملتان چھ، کراچی گیارہ اور گلگت اور مری میں منفی تین ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔