مکرمی! لاہور کی معروف شاہراہوں کینال بینک روڈ پر چیلوں کو ڈالنے کیلئے گوشت فروخت کرنے کی وبا اس قدر پھیل چکی ہے کہ گوشت فروخت کرنے والے اب کثرت سے وہاں آنا شروع ہو گئے ہیں۔ اس بڑے پیمانے پر چیلوں کو گوشت ڈالنے کی رسم کی ادائیگی میں ایک پوشیدہ خطرہ کی طرف متعلقہ حکام کی توجہ دلانا چاہتا ہوں۔ ہوتا یہ ہے کہ جب یہ گوشت فضا میں پھینکا جاتا ہے تو بیسیوں چیلیں اور کوّے سڑک پر چلتی ہوئی ٹریفک کے اوپر سے انتہائی نیچی پرواز کرتے ہوئے یہ گوشت حاصل کرنے کیلئے گروہ در گروہ لپکتے ہیں کہ اللہ کی پناہ! خدانخواستہ اگر کسی روز اڑتی ہوئی چیل کسی بس یا کار کی ونڈ سکرین سے آکر ٹکرا گئی تو ایک بہت بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے ۔ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ سے گزارش ہے کہ چیل کو کھلانے والوں کو اس سڑک سے ہٹا دینے کا فوری اہتمام کریں۔
(خالد مسعود قریشی، 30۔ علامہ اقبال روڈ، لاہور)
چیلوں کو گوشت ڈالنے کا خطرناک طریقہ
Jan 27, 2013