فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) سات ہفتوں سے انڈسٹری کو گیس سپلائی کی معطلی کے خلاف ٹیکسٹائل صنعت سے وابستہ ہزاروں مزدوروں اور فیکٹری مالکان نے گذشتہ روز شہر بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالیں اور ضلع کونسل چوک میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے حکومتی پالیسیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی، ٹائر جلائے اور علامتی پتلے کو بھی آگ لگائی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اصغر علی نے کہا کہ حکومت نے انڈسٹری کو گیس سپلائی معطل کرکے لاکھوں مزدوروں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کر دیئے ۔ انھوں نے کہا لوڈشیڈنگ سے اب تک ایک کھرب روپے سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے۔ ایوان صنعت و تجارت کے صدر میاں زاہد اسلم نے اپنے خطاب میں کہا کہ اربوں ڈالر مالیت کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کیساتھ حکومت کی لاپرواہی انتہائی دکھ کا باعث ہے۔گیس بندش سے بڑے پیمانے پر بے روزگاری ملک میں صنعتی بدامنی کو فروغ دے رہی ہے۔ ہوزری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین ضیا علمدار نے کہا کہ اربوں ڈالر کے برآمدی آرڈرز کی تیاری کا کام بند پڑا ہے۔ ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین رضوان اشرف نے کہا کہ حکومت گیس سپلائی کے معاملے میں پنجاب کی انڈسٹری کیساتھ امتیازی سلوک کر رہی ہے۔ ملک کے دیگر حصوں میں انڈسٹری کو گیس کی بہت کم لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے۔ انھوں نے گیس کی قلت کو پورے ملک میں یکساں تقسیم کرنے کا مطالبہ کیا۔ ٹیکسٹائل تنظیموں کے رہنماﺅں نے حکومت سے پنجاب کی انڈسٹری کو گیس سپلائی فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انھوں سوئی گیس حکام کے وعدے کے مطابق آج سے اپنی فیکٹریاں 50 فیصد لوڈ پر چلانے کا بھی اعلان کیا۔ آل پاکستان بیڈ شیٹس اینڈاپ ہولسٹری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن اور شہر کی دیگر صنعتی تجارتی مزدور اور مذہبی تنظیموںنے ا حتجاجی ریلیاں نکالیںاور نعرے بازی کرتے ہوئے حکومت کو خبردار کیا کہ وہ ملکی معیشت کی تباہی کا کھیل اور لاکھوں مزدوروںکا معاشی قتل اور عوام کی بے بسی کا مذاق اڑانا بند کر ے۔ ان خیالات کا اظہار چیئر مین آل پاکستان بیڈ شیٹس مینوفیکچررز اینڈ اپ ہولسٹری ایسوسی ایشن عمران محمود اور سنٹرل وائس چیئر مین عارف احسان ملک نے کیا۔ کھرڑیانوالہ لاہور روڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما ظفر اقبال سرور ، شیخ خرم مختار آل پاکستان سوپ مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے رہنما حسن منور ا انجمن تاجران سٹی کے قائد شیخ محمد بشیر، محمود عالم جٹ اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس کے صدر میاںزاہد اسلم اور اپٹما کے عہدے داروںکی قیادت میں بھی جلوسوں نے ریلی میں بھرپور شرکت کی۔