فتح جنگ (اے پی پی) وزیر مملکت برائے دفاع سردار سلیم حیدرخان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت محنت کشوں اور سرکاری ملازمین کو تمام سہولیات فراہم کر رہی ہے، لاکھوں ملازمین کو کنٹریکٹ سے ریگولر کرنے سمیت تنخواہوں میں خاطرخواہ اضافہ کا کریڈٹ بھی پیپلزپارٹی کی عوامی حکومت کو جاتا ہے، پی او ایف کے ہزاروں محنت کش بھی جلد خوشخبری سنیں گے، ان کو ڈینجر الاﺅنس کی جلد منظوری دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پی او ایف ورک مین ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سردار سلیم نے کہا کہ یکم مئی کو یوم مزدور کے موقع پر ورک مین ایسوسی ایشن کے جلسہ میں محنت کشوں سے جو وعدہ کیا تھا اس کو ضرور پورا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو جب بھی اقتدارمیں آتی ہے محنت کشوں کو ان کی ملازمتوں کا تحفظ فراہم کرتی ہے۔