راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) راولپنڈی میں ڈکیتی میں مزاحمت پر دو افراد کو قتل کر دیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق صادق آباد کے علاقے حاجی چوک میں ڈاکو ایک سٹور میں گھس گئے اور مزاحمت پر دو افراد کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا اور رقم لوٹ کر فرار ہو گئے تاہم اپنی موٹر سائیکل چھوڑ گئے۔ ڈکیتی کی واردات کے خلاف تاجروں نے احتجاج کرتے ہوئے دکانیں بند کر دیں اور ٹریفک بلاک کر دی۔ فائرنگ سے ایک شخص زخمی بھی ہوا جسے ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔