سرینگر + مظفر آباد (ثناءنیوز) لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم کشمیرےوں نے بھارت کا یوم جمہوریہ ”یوم سیاہ“ کے طور پر مناےا۔ اس موقع پر مقبوضہ کشمےر مےں مکمل ہڑتال سے کاروبار زندگی معطل ہو کر رہ گےا۔ تمام کاروباری ادارے، دفاتر، بنک اور عدالتیں بند، ٹریفک معطل رہی۔ تفصےلات کے مطابق، حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے 26 جنوری کو بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر ریاست بھر میں شٹر ڈاﺅن ہڑتال کی کال دیتے ہوئے اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا۔ کشمےر پر بھارتی قبضے کے خلاف جلسے جلوس اور مظاہرے ہوئے۔ ریاست بھر میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے سرینگر اور جموں شہروں میں پولیس اور فورسز اہلکاروں کو چوکنا رہنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ بخشی سٹیڈیم سرینگر اور مولانا آزاد سٹیڈیم جموںکے گرد تین دائروں کی حفاظت کا انتظام کیا گیا تھا۔ جموں میں ریاستی گورنر این این وہرا جبکہ سرینگر میں وزیر خزانہ عبدالرحیم راتھر نے ترنگا لہرا کر مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔ جمعہ کی شام سٹیڈیم کی طرف جانےوالے تمام راستوں کو آمدورفت کیلئے بند کر دیا گیا اور جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کر کے ان راستوں پر موبائل بنکر رکھے گئے تھے۔ مقبوضہ کشمیر میں کاروباری و تعلیمی ادارے بند رہے۔ مجاہدین نے حملوں کے خوف کے سبب نام نہاد یوم جمہوریہ کی تقاریب انتہائی سخت سکیورٹی میں چند منٹ میں مکمل کر لی گئیں۔ بچوں اور خواتین کو گاڑیوں سے اتار کر پیدل چلنے پر مجبور کر دیا گیا۔ کنٹرول لائن پر فورسز کو ہائی الرٹ رکھا گیا۔ آزاد کشمیر، پاکستان اور دیگر خطوں میں یوم سیاہ منایا گیا۔ مظفر آباد میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کے دفتر تک ریلی نکالی گئی۔ کشمیر سیل کے تحت تقریب سے ڈپٹی سپیکر شاہین کوثر ڈار‘ وزیر حکومت ساجد خان‘ سیکرٹری کشمیر سیل ڈاکٹر محمود الحسن راجہ‘ جماعت اسلامی کے نائب امیر شیخ عقیل الرحمن‘ پیپلز پارٹی کے میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید میر‘ میونسپل کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر سردار مبارک حیدر‘ آل پارٹی حریت کانفرنس کے دا¶د خان مہاجرین کے نمائندہ ماسٹر اشرف‘ سیکرٹریٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری جاوید چودھری سنٹرل بار ایسوسی ایشن کے نائب صدر قاضی شاہد حمید‘ سید نوید شاہ‘ کشمیر سیل کے ڈائریکٹر پبلسٹی محمد اسلم خان اور دیگر مقررین نے مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ بھارت نے عالمی سطح پر کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت کا موقع فراہم نہیں کر رہا۔ ایک بڑا احتجاجی جلسہ دارالحکومت مظفر آباد میں حزب المجاہدین جموں و کشمیر کے زیر اہتمام منعقد ہوا، بیلہ نور شاہ سے احتجاجی ریلی کا انعقاد جو گیلانی چوک میں پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کر گئی، ریلی کی قیادت حزب المجاہدین کے ڈپٹی سپریم کمانڈر سیف اﷲ خالد نے کی۔ شرکا نے بھارت کی نام نہاد جمہوریت بھارتی مظالم اور آزادی کے حق میں بھرپور نعرہ بازی کی اور بھارتی پرچم کو نذر آتش کیا گیا۔ اس موقع پر کشمیر کی آزادی پاکستان کے استحکام کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ ادھر نئی دہلی میں سول سوسائٹی کے ارکان نے بھارتی یوم جمہوریہ تقریبات کا بائیکاٹ کیا اور طالبہ سمیت متعدد خواتین سے زیادتی کے خلاف احتجاج کیا اور بھارت مخالف نعرے لگائے۔