پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے تنظیمی انتخابات ‘ امین فہیم صدر پرویز اشرف سیکرٹری جنرل منتخب

Jan 27, 2013

لاہور (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت نیوز) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو ایک مرتبہ پھر پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کا سیکرٹری جنرل منتخب کرلیا گیا ہے۔ سینئر وفاقی وزیر مخدوم امین فہیم بھی حسب سابق پی پی پی پی کے صدر رہیں گے۔ الیکشن 2002ءکے موقع پر شہید بے نظیر بھٹو کی زندگی میں قانونی پیچیدگی سے بچنے کیلئے مخدوم امین فہیم کو پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کا صدر اور راجہ پرویز اشرف کو سیکرٹری جنرل چنا گیا تھا جبکہ پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بے نظیر بھٹو اور سیکرٹری جنرل جہانگیر بدر ہی رہے تھے۔ اس طرح اب بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور سیکرٹری جنرل جہانگیر بدر ہی رہیں گے تاہم الیکشن کمشن میں رجسٹرڈ جماعت پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کا صدر مخدوم امین فہیم، سیکرٹری جنرل راجہ پرویز اشرف کو چنا گیا ہے۔ منظور وٹو پنجاب، قائم علی شاہ سندھ، انور سیف اللہ خیبر پی کے اور صادق عمرانی بلوچستان کے صدر منتخب ہوئے۔ بلاول ہاﺅس کراچی میں انتخابی عمل مکمل کیا گیا۔ پارٹی کا مرکزی سیٹ اپ وہی رکھا گیا ہے جو بے نظیر بھٹو کا نامزد کردہ تھا۔ صوبائی سطح پر بھی نامزد عہدیداروں کو باضابطہ منتخب کیا گیا۔ پارٹی انتخابات کی قانونی کارروائی ضرورت کے تحت ہنگامی طور پر کی گئی۔ انتخابات میں تنویر اشرف کائرہ کو پنجاب جبکہ تاج حیدر کو سندھ میں جنرل سیکرٹری منتخب کیا گیا۔

مزیدخبریں