لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کا میٹرو بس پراجیکٹ پاکستان میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت حقیقی معنوں میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہے۔ میٹرو بس پراجیکٹ عوام کیلئے بہترین تحفہ ہے۔ اس کے اجراءسے شہریوں کو آرام دہ، باکفایت اور جدید سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ عام آدمی کیلئے بین الاقوامی معیار کی جدید سفری سہولیات کی فراہمی پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ میٹرو بس پراجیکٹ ایک منصوبہ نہیں بلکہ مشن ہے۔ وہ میٹرو بس پراجیکٹ پر پیشرفت سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میٹرو بس منصوبے پر دن رات کام جاری ہے۔ پاکستان کی 65 برس کی تاریخ میں شعبہ ٹرانسپورٹ میں مفاد عامہ کا ایسا عظیم الشان منصوبہ نہیں بنایا گیا۔ میٹرو بس پراجیکٹ ملک کو قائدؒ اور اقبالؒ کا پاکستان بنانے کی جانب ایک قدم ہے انشاءاللہ اسے بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام کی خدمت کے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ ترکی کے سفیر اور ترک کنسٹرکشن کمپنی کے وفد سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترکی کی حکومت کے تعاون سے جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 2 ہزار سے زائد گھر، چار سکول، پانچ شاپنگ سنٹرز، سپورٹس کمپلیکس، ہیلتھ سنٹرز، مساجد اور دیگر انفراسٹرکچر مکمل کیا جا چکا ہے اور اس نیک کام کے لئے پرائم منسٹری ہاﺅسنگ اتھارٹی ترکی نے فنڈز فراہم کئے ہیں۔ ترکی کی حکومت، عوام اور سیاہکلیم کمپنی کا سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے پراجیکٹ مکمل کرنے پر تعاون لائق تحسین ہے۔ ترک وفد سے بات چیت میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان میں عنقریب عام انتخابات ہونے والے ہیں۔ مجھے پورا یقین ہے کہ عام انتخابات میں عوام مخلص، دیانتدار اورمحنتی قیادت کو سامنے لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی کوشش کی گئی جو بری طرح ناکام ہوئی۔ ایک اور اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ توانائی کے بدترین بحران نے طلباءو طالبات کیلئے تعلیم کا حصول بھی مشکل بنا دیا ہے۔ توانائی کے شدید بحران سے زراعت، صنعت و تجارت، تعلیم اور دیگر سماجی شعبے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ پنجاب حکومت نے ”خادم پنجاب اجالا پروگرام“ کے تحت میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے طلباءو طالبات کو سولر لیمپس مفت دینے کا پروگرام بنایا ہے اور رواں ماہ اس پروگرام کا آغاز جنوبی پنجاب کے ضلع بہاولپور سے کیا جا رہا ہے۔ جس چینی کمپنی کے ساتھ سولر لیمپس کی فراہمی کا معاہدہ کیا گیا ہے وہ چینی کمپنی 10 ہزار سولر لیمپس مفت فراہم کرے گی اور ان 10 ہزار سولر لیمپس کی قیمت 11 کروڑ روپے بنتی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے پاکستان میں امارات کے سفیر عیسیٰ عبداللہ الباشا النومی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پیر صاحبزادہ سلطان محمد نواز ارشد القادری اور تحریک پاکستان کے کارکن ملک غلام نبی کشمیری المعروف ببی پہلوان امرتسری کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔