اسلام آباد(آن لائن ) ایفی ڈرین کوٹہ سکینڈل کیس کے تحقیقاتی افسر بریگیڈیئر فہیم کو عہدے سے ہٹا کر خدمات واپس فوج کے حوالے کر دی گئیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بریگیڈئیر فہیم نے اینٹی نار کوٹکس فورس کی طرف سے ایفی ڈرین کیس میں مخدوم شہاب الدین، علی موسیٰ گیلانی اور حنیف عباسی سمیت 8 ملزمان کی ضمانت منسوخی کےلئے درخواست سپریم کورٹ میں جمع کرانا تھی۔ ڈی جی اے این ایف نے بریگیڈئیر فہیم کے خلاف انکوائری کا بھی حکم دیا ہے۔ ایم این اے حنیف عباسی کو کیس میں ملوث کرنے کے حوالے سے تحقیقات کی جائیں گی۔ بریگیڈئیر فہیم ایفی ڈرین کوٹہ کیس کے حوالے سے تمام ثبوت سپریم کورٹ میں جمع کرا چکے ہیں۔ اے این ایف میں بریگیڈئر فہیم کی ڈیپوٹیشن کی مدت 2014ءمیں ختم ہونا تھی انہیں ون کور منگلا میں ٹرانسفر کئے جانے کا امکان ہے۔