آسٹریلین اوپن ٹینس : وکٹوریہ آزارنیکا نے ویمنز ٹائٹل جیت لیا

Jan 27, 2013


میلبورن (سپورٹس ڈیسک) آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں بیلا روس کی وکٹوریہ آزارنیکا نے فائنل میں چین کی سٹار لی نا کو شکست دے کر ویمنز کا سنگل ٹائٹل جیت لیا۔ انہوں نے فائنل میں حریف کھلاڑی کو چار چھ، چھ چار اور چھ تین سے شکست دی۔ سیرا ایرانی اور روبرٹا ونچی نے آسٹریلین اوپن میں ویمنز ڈبلز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا، فیصلہ کن معرکے میں فاتح جوڑی نے آسٹریلیا کی ایشلے برٹی اور کیسی ڈیلکووا کو شکست دی۔ روڈ لیور ایرینا میں کھیلے گئے ویمنز ڈبلز کے فائنل میں عالمی نمبر ایک اٹالین جوڑی سیرا ایرانی اور روبرٹا ونچی نے آسٹریلین جوڑی ایشلے برٹی اور کیسی ڈیلکووا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2-1 سے شکست دی اور ٹائٹل اپنے نام کیا۔ اٹالین جوڑی کی جیت کا سکور 6-2 ، 3-6 اور 6-2 سے ہرایا۔ سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگل کا فائنل آج کھیلا جائے گا۔ فائنل میں دفاعی چیمپئن نوویک جوکووچ اولمپک چیمپئن اینڈی مرے کے مدمقابل ہوں گے۔ ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں سربین سٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے سپین کے ڈیوڈ فیرر کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں برطانوی سٹار اینڈی مرے نے سوئٹزرلینڈ کے شہرہ آفاق کھلاڑی اور 17 مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپئن راجرفیڈرر کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد زیر کر کے فائنل میں جگہ بنائی۔ نوویک جوکووچ چوتھی بار آسٹریلین اوپن کے ٹائٹل کےلئے کورٹ میں اتریں گے اور مجموعی طور پر اب تک پانچ گرینڈ سلیم جیت چکے ہیں جبکہ اینڈی مرے پہلی بار قسمت آزمائی کریں گے، انہیں ایک گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔

مزیدخبریں